نئی دہلی،22 /دسمبر (آئی این ایس انڈیا) پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس جو 29 نومبر کو شروع ہوا تھا، آج مقررہ تاریخ سے پہلے ہی ختم ہوگیا اور دونوں ایوانوں کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی گئی۔ اس دوران پارلیمنٹ سے کل 20 بل پاس ہو چکے ہیں۔ سرمائی اجلاس کا حساب کتاب پیش کرتے ہوئے مرکزی پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے کہا کہ لوک سبھا میں 11 جبکہ راجیہ سبھا میں 9 یعنی 20 بل منظور ہوئے ہیں۔جوشی نے کہا کہ سرمائی اجلاس کے 24 دنوں میں کل 18 میٹنگیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لوک سبھا میں کل 12 بل پیش کیے گئے، جب کہ ایک بل راجیہ سبھا میں پیش کیا گیا۔ بقول جوشی 4 بل اسٹینڈنگ کمیٹی اور ایک بل سلیکٹ کمیٹی کو بھیجے گئے ہیں۔ جوشی نے بتایا کہ انتخابی قانون ترمیمی بل پارلیمنٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے جائزے کے بعد ہی آیا، اس کے باوجود اس پر ہنگامہ ہوا۔مرکزی وزیر نے کہا کہ چائلڈ میرج بل پر حکومت چاہتی ہے کہ تمام فریق اس کا تفصیلی جائزہ لیں، اسی لیے اسے اسٹینڈنگ کمیٹی کے پاس بھیجا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لوک سبھا کی پروڈکٹیوٹی 82 فیصد تھی جبکہ راجیہ سبھا کی 47 فیصد تھی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اپوزیشن پارٹیاں 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی، مودی جی کو حاصل ہونے والے اقتدرا کو ہضم نہیں کر پا رہی ہیں، اس لیے وہ ایوان میں خلل ڈالتے رہے۔